ابنا: دفتر نمائندۂ ولی فقیہ و قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی دام ظلہ شعبہ مشہد مقدس کی پریس رپورٹ کے مطابق دفتر قائد ملت جعفریہ شعبہ مشہد مقدس کے مسئول حجۃ الاسلام والمسلمین جناب وحید علی ساجدی نے کراچی میں ابوالحسن اصفہانی روڈ کے نزدیک عباس ٹاون میں ہونے والے دہماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مشہد مقدس میں بھی تین روزہ سوگ کا اعلان کیا۔انہوں نے نوجوانوں اور جوانوں کو ان حساس حالات میں اپنے جذبات پر کنٹرول رکھنے اور صبر کرنے کی تلقین کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی پالیسیوں اور آئندہ لائحۂ عمل کے منتظر رہنے کی ہدایت کی۔انہوں نے اس واقعہ کو بھی گذشتہ واقعات کی طرح ریاستی اداروں کی مکمل ناکامی سمجھتے ہوئے کہا:ہم مشہد مقدس میں دفتر قائد محترم کی تمام ٹیم اور مشہد مقدس کے تمام طلاب کی جانب سے اس واقعہ میں شہید ہونے والے مظلومین کے لواحقین سے تعزیت اور اظہار ہمدردی کرتے ہیں اور حضرت امام علی ابن موسی الرضا علیہ آلاف التحیۃ والثناء کی ملکوتی بارگاہ میں ان سب کے لیے دعا گو ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں قائد ملت جعفریہ پاکستان و نمائندہ ولی فقیہ حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر تین روزہ سوگ اور کل سندھ بھر میں شیعہ علما کونسل پاکستان کی ہڑتال کی کال کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔
3 مارچ 2013 - 20:30
News ID: 396847
عباس ٹاؤن کے واقعہ پر مشہد مقدس میں بھی قائد ملت جعفریہ پاکستان کے شعبہ مشہد کی طرف سے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا۔